اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے آج رابطہ کریں گے، انتخابی دھاندلی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر جے یو آئی اور پی ٹی آئی میں دوریاں کم ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمیعت علمائے اسلام ( جے یو آئی) ف کے درمیان آج با ضابطہ رابطے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر مولانا فضل الرحمان سےملاقات کیلئے رابطہ کریں گے، انتخابی دھاندلی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر جے یو آئی اور پی ٹی آئی میں دوریاں کم ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے بانی پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو جے یو آئی سے رابطے کا اختیار دیا تھا۔
یاد رہے اڈیالہ جیل کے باہرمیڈیا سے گفتگو میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا تھا کہ دھاندلی کے خلاف تحریک شروع کرنے جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی آج تاریخ کا اعلان کریں گے، ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام جماعتوں سے رابطے کا ٹاسک دیا ہے، مل بیٹھ کرلائحہ عمل طے کریں گے۔۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا تھا کہ جماعت اسلامی،جمعیت علمائےاسلام ،اےاین پی سےرابطہ کریں گے، اسد قیصر آفتاب شیرپاؤسمیت دیگرپارٹیوں سےبھی رابطہ کررہے ہیں۔