اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کو 12اپریل کو مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے بریفنگ دیں گے جبکہ مستقبل کے لائحہ عمل کی 13اپریل کواعلی سطحی اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا ،مشیروں اوراعلی حکام بھی شریک ہوئے، شرکاء کو ملک میں کورونا کی حالیہ صورتحال اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی اور بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں سپلائی کی فراہمی پر بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان سے وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کی اسکرینگ لازمی ہوگی، جبکہ ایران سے محلقہ بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں اشیا خوردونوش کی فراہمی طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ افغانستان کوصرف خوراک اور ادویات کے کارگوہفتے میں تین بار جاسکیں گے، مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وبا پر تازہ بریفنگ دی ، اب تک 727 مریضوں کی صحتیابی پر شرکا نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کو 12اپریل کو مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے بریفنگ دیں گے جبکہ مستقبل کے لائحہ عمل کی 13اپریل کواعلی سطحی اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وینٹی لیٹرز اورانتہائی ضروری آلات کیلئے سفارتی سطح پر رابطہ جاری ہیں،وفاقی وزیر اسد عمر نے تمام اقدامات ون ونڈو کرنے کی ہدایت کی۔