اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے پی ایس او کیلئے دس ارب روپے کے اجراء اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مؤخر کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں بڑے فیصلے سامنے آئے ہیں، اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل کیلئے دس ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ گیس کی قیمت میں اضافے کی سمری مؤخر کردی۔
اوگرا نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت تین گنا اور کمر شل صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں تیس فیصد اضافہ تجویز کیا تھا، اس کے علاوہ اجلاس میں توانائی کے شعبے میں جاری گردشی قرضوں پربریفنگ بھی دی گئی۔
ای سی سی کو بتایا گیا کہ گردشی قرضوں کا مجموعی حجم گیارہ سو اٹھاسی ارب روپے ہوگیا ہے۔ وزیر خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
گردشی قرضوں کے بارے میں فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا، اجلاس میں مالی بحران کا شکار پاکستان اسٹیٹ آئل کیلئے دس ارب روپے کے بیل آوٹ پیکج کی منظوری بھی دی گئی۔