کراچی : وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا جبکہ ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اب وزارتیں نہیں بلکہ عوامی مسائل حل کئے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی کے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے ہنگامی طور پر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کرلیا۔
متحدہ رہنما سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور کیا جائے گا، کل ہمارا وفد ایم کیوایم کے بہادر آباد دفتر جائے گا۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلیفونک گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے اسد عمر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، خالد مقبول صدیقی نے اسد عمر سے گلے شکوے کیے۔
ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ میئرکراچی کو ترقیاتی کاموں کیلئے25ارب روپے نہیں دئیے گئے۔
وعدے کے مطابق حیدرآباد کے میئر کو بھی 5ارب روپے کی ادائیگی ہونا تھی، حکومت کی طرف سے صرف وعدے کئے جارہے ہیں جن پر عمل درآمد بھی نہیں کیا جارہا، اب تک ایک روپیہ بھی کراچی کو نہیں دیا گیا۔
مزید پڑھیں : خالد مقبول صدیقی کا وزارت چھوڑنے کا اعلان، ایم کیوایم حکومت کا حصہ رہے گی
خالدمقبول صدیقی نے اپنے تحفظات ک ااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان پر عوام کا بہت دباؤ ہے، ہمیں اب وفاق میں وزارتیں نہیں چاہئیں بلکہ عوامی مسائل حل کئے جائیں۔