اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اس سال دنیا کی بڑی معیشتیں مشکلات کا شکار تھیں، لیکن پاکستان میں چار میں سے تین فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال ہمارے خطے اور مغرب سے موازنہ کر کے دیکھا جائے تو پاکستان میں کام بہتر ہوا ہے، پاکستان کی تاریخ کا ایسا پروگرام چلایا گیا جس سے لوگوں کی امداد ہوئی، 200 ارب روپے احساس پروگرام کے تحت لوگوں کو دیے گئے۔
ان کا کہنا تھا اسٹیٹ بینک نے بروقت کردار ادا کر کے بڑے فیصلے کیے، پاکستان دنیا کی نسبت کرونا کے باعث جلد مشکل سے نکلا، وزیراعظم نے ذاتی طور پر کنسٹرکشن کے کام کو لیڈ کیا۔
انھوں نے کہا پاکستان میں چار میں سے تین فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی، گندم، چاول اور مکئی کی پیداوار میں اضافہ ہوا، ملک میں گنے کی تاریخ میں دوسری بڑی پیدوارہوئی، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 10 فی صد سے زیادہ ماہانہ اضافہ ہو رہا ہے، اپریل کا موازانہ کروں تو 20 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا 60 فی صد سے زیادہ آبادی کا انحصار زراعت پر ہے، مک میں ٹریکٹرز کی سیل میں 54 فی صد اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں ہول سیل ٹریڈ بہت بڑا سیکٹر ہے، معیشت تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے، کرونا جیسی وبا میں بھی عمران خان کی ٹیم نے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا۔
اسد عمر نے کہا عبدالحفیظ شیخ نے معیشت کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کیا، لیکن عمران خان کی کامیابی کا راز یہی ہے کہ وہ کبھی مطمئن نہیں ہوتے، اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو جیتنے کے بعد سوچے کہ کیا بہتر کر سکتے تھے۔