لاہور : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی تھی لیکن نتیجہ نہیں نکل سکا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ختم ہو گئے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے، مذاکرات میں پیشرفت ہوئی تھی لیکن نتیجہ نہیں نکل سکا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ الیکشن کی ایک تاریخ پرمان کرعمران خان نےبڑا لیڈر ہونے کاثبوت دیا لیکن دوسری طرف بہت پارٹیاں ہیں اورایک پارٹی میں ایک سے زیادہ رائے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جب ایک تاریخ پر مان گئے ہیں تو تاریخ پربحث کرنےکی کیا ضرورت ہے۔
گذشتہ روز پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہے، رپورٹ میں مذاکرات کی تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات میں ان باتوں پر اتفاق ہوگیا ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے ماتحت شفاف الیکشن ہوں تاکہ کل اس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، ہمارا اس بات پر اتفاق نہیں ہو سکا کہ عام انتخابات کس دن ہوں۔