اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اسکیم کا مقصد کالا دھن سفید کرنا ہے، قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق بند کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اسد عمر کا کہنا تھا کہ قوم کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے وقت شرم نہیں آئی اب ایمنسٹی اسکیم لاتے ہوئے بھی حیا کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا، ہم اسکیم کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان سے بغیر مشاورت اسکیم ووٹ کا تقدس روندنے کے مترادف ہے، حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ پارلیمان سے بغیر مشاورت اسکیم سے گریز کرے، حکومت نے اگر آمریت، ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
وزیر اعظم کا ٹیکس نادہندگان کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکمرانوں کا کالا دھن حلال کرنے کی کوشش پر مزاحمت کرے گی، قوم کے ساتھ گھناؤنے مذاق کا یہ سلسلہ کسی طور گوارا نہیں کیا جائے گا۔
نوازشریف اور اسحاق ڈار نے معیشت کو تباہ کر دیا: اسد عمر
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیکس نادہندگان کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا ہے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے انقلابی ٹیکس اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، پالیسی میں 5 بنیادی نکات ہیں، جبکہ سیاست دان اس اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔