اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کا کہنا ہے کہ عوام کی زندگی بہتر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، جلد ہر شعبے میں بہتری نظر آنا شروع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی صحت ہر پاکستانی شہری کا حق ہے، عوام کی زندگی بہتر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ اصل انقلاب سوچ کا انقلاب ہے، ہمیں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے سوچ میں تبدیلی لانا ہوگی۔ عمران خان کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی۔ انشا اللہ ہر شعبے میں بہتری نظر آنا شروع ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ظفر مرزا حقیقی معنوں میں صحت کا نظام تبدیل کر رہے ہیں، ’قدم بڑھاؤ ڈاکٹر ظفر مرزا ہم تمہارے ساتھ ہیں‘۔
اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ اسپیشل اکنامک زونز میں ترقیاتی اقدامات پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی، انڈسٹریلائزیشن اور ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پہلے اکنامک زون کا دسمبر تک افتتاح کا ٹارگٹ رکھا ہے، رواں مالی سال میں 2 مزید اکنامک زونز کا افتتاح کریں گے۔