لاہور : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے شہباز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا عوام میں نکلیں لگ پتہ جائے گا، قوم کہاں کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذہنوں کی تبدیلی ہے ، یہ ایک نیا پاکستان ہے، پاکستان کے عوام کسی اور کے فیصلے ماننے کو تیار نہیں ، پاکستان میں کس کی حکومت ہو اس فیصلے کا اختیارعوام کے پاس ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پرویزرشید کیساتھ رہ کر میاں صاحب کی بھی گنتی خراب ہوگئی ہے،میاں صاحب جو جی ٹی روڈ آپ چھوڑ کر گئے تھے آج یہ وہ نہیں، 200بندے نکلے ہوتے تو آپ نے اسلام آباد کو کنٹینر کا قبرستان نہ بنایا ہوتا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پورے پاکستان سے جو تیاری کی خبریں آرہی ہیں پوری قوم نکلے گی، یہ سب مانتے ہیں عمران خان عوام کو مسائل سے نکال سکتا ہے، شہر ختم ہو جاتے ہیں مگر مخلوق ختم نہیں ہوتی، کوئی چھت کوئی گلی ایسی نہیں جہاں عورتیں بچے مرد نوجوان نہ ہوں۔
انھوں نے بتایا کہ عمران خان کو اسلام آباد پہنچنے کا متبادل پلان بنا کر دے دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنہیں آپ جتھے کہہ رہے ہیں انھی کے ووٹ سے آپ حکومت میں آتےتھے، شرم کرو یہ عوام آپ کو جتھے نظرآتے ہیں، جب عمران خان کو پہنچیں گےعوام کا سب سے بڑا اجتماع اسلام آباد میں دیکھیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں معیشت ٹھیک کرنے آئے ہیں، خدا کا خوف کریں، شہبازشریف کو چیلنج کرتا ہوں پنجاب میں عوام میں نکلیں لگ پتہ جائے گا، قوم کہاں کھڑی ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اب وہ زمانہ نہیں رہا جہاں آپ اشتہاروں سے عوام کو بے وقوف بناتے تھے ، انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،صحافیوں کو خوف زدہ کیاجارہاہے، سپریم کورٹ سے درخواست ہے انسانی حقوق کے معاملے پر ایکشن لے۔
انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج نے بےتحاشا قربانیاں دی ہیں، اس فوج کو سب سے بڑی طاقت یہ ہے کہ انکےپیچھے قوم کھڑی ہے، ان قربانیوں کی بدولت ہی عوام کےدلوں میں پاک فوج کی جگہ ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ قوم فیصلہ کرچکی ہے ، یہ ملک کےدشمن ہیں ، ہم دشمن میں گھرے ہوئے ہیں قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد طریقہ ہے جو بھی کرداراداکرسکتا ہے ادا کرے، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے واحد حل عام انتخابات کا اعلان ہے۔