اسلام آباد : ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے دودھ کے ڈبوں میں چھپا کر منشیات دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے اسلام آباد سے دبئی جانے والی پرواز پر ایک مسافر سے تین کلو گرام سے زائد کیٹامین اور 660 گرام آئس برآمد کرلی۔
اے ایس ایف کے عملے نے اسلام آباد سے دبئی کی پرواز پر سفر کررہے، ایک غیر ملکی مسافر کے سامان میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کی۔
مسافر نے یہ آئس اپنے سامان میں موجود دودھ کے ڈبوں میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے پیشہ ورانہ مہارت کے حامل عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی پر تین کلو کلوگرام کیٹامین اور 660 گرام آئس برآمد کرکے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
مزید پڑھیں : ابوظبی : مسافر کے پیٹ سے لاکھوں درہم کی منشیات برآمد
اے ایس ایف نے بتایا کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یاد رہے رواں ماہ ہی زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنادی گئی تھی۔
متعلقہ حکام نے ایک مسافر کے پیٹ سے کوکین کے 89 کیپسولز برآمد کیے گئے، جن میں تقریباً 1 ہزار 198 گرام کوکین موجود تھی، اس کوکین کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 50 لاکھ درہم لگائی گئی ہے۔