پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

اے ایس ایف اہلکاروں کی بدتمیزی: واقعے پر تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی قائم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اے ایس ایف اہلکار کی جانب سے اسلام آباد ائیرپورٹ پر بدتمیزی کرنے کے واقعے پر تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہنگامے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ریاض سے پشاور آنے والی پی آئی اے کی پرواز موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتار لی گئی، موسم کی خرابی کے باعث پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر پر مسافروں نے احتجاج کیا جس کو روکنے کے لیے اے ایس ایف اہلکاروں کو طلب کیا گیا۔

اے ایس ایف اہلکاروں نے معاملہ حل کرنے کے بجائے مسافروں پر تھپڑ اور گھونسوں کی بارش کردی لیکن واقعے کے بعد اے ایس ایف اور سی اے اے کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس کے بعد ہنگامے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بعد ازاں وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان اور ڈی جی اے ایس ایف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہونے والے واقعہ کا نوٹس لیا۔ سی اے اے نے بھی اے ایس ایف کو تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کا کورٹ آف انکوائری بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کورٹ آف انکوائری تین ممبران پر مشتمل ہوگی جس کی صدارت بریگیڈیر کے مرتبہ کا افسر کرے گا اس کے علاوہ ایک رکن ایوی ایشن ڈویژن دوسرا اے ایس ایف سے ہوگا یہ کمیٹی واقعے میں ملوث ذمہ داران کا تعین کرے گی اور گواہان سے بیانات بھی لیے جائیں گے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ کمیٹی اس معاملے میں پی اے اے سیکشن اے 78 اور رول 157سے مدد لے گی۔ اس کے علاوہ ڈی جی اے ایس ایف نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعہ کا نوٹس لے لیا، ڈپٹی ڈی جی سی اے اے عامر محبوب کا کہنا ہے کہ ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر اے ایس ایف اہلکار آپے سے باہر ہوگئے تھے، مسافروں پر گھونسوں اور تھپڑوں کی بارش کردی تھی۔

 

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں