کراچی: رواں سال پاکستانی ایئر پورٹس پر منشیات اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کی گئیں، جن میں اربوں روپے مالیت کی اشیا اور کرنسی ضبط کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کی جانب سے سال 2021 میں مختلف ایئر پورٹس پر کی گئی کارروائیوں کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس پر فورس کی کارروائیوں میں اربوں روپے مالیت کی منشیات، سونا اور اور غیر ملکی کرنسی ضبط کی گئی۔
ترجمان کے مطابق دو ہزار اکیس میں منی لانڈرنگ کی درجنوں وارداتیں ناکام بنائی گئیں، اور درجنوں ملزمان گرفتار کیے گئے۔
اس دوران 26.68 کلو گرام سونا بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی، ضبط کیے گئے سونے کی مالیت ساڑھے 25 کروڑ سے زائد ہے، جب کہ ضبط کی گئی 57 ملین سے زائد کی غیر ملکی کرنسی میں ڈالرز، برطانوی پاؤنڈز، یورو سعودی ریال اور دیگر کرنسیاں شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 95 کلو گرام ہیروئن اور 54 کلو گرام سے زائد آئس ضبط کی گئی، ہیروئین، آئس اور دیگر منشیات مختلف ممالک کو اسمگل کی جا رہی تھی۔
ان کارروائیوں کے دوران مختلف برانڈز کی غیر ملکی شراب کی 265 بوتلیں بھی ضبط کی گئیں۔