پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعثِ تشویش ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی شیڈول کے مطابق آج دورہ امریکا پر جانے والے تھے تاہم انھوں نے دورہ منسوخ کر دیا، ادھر اے این پی کے صدر نے اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل تشویش کا باعث ہے۔
اسفندیار ولی خان نے افغانستان میں امن معاہدے کے سلسلے میں کہا کہ فریقین کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی معاہدہ کام یاب نہیں ہو سکتا۔
خیال رہے کہ صدر اشرف غنی آج ہفتے کو امریکی دورے پر روانہ ہونے والے تھے، یہ دورہ ایک ایسے وقت میں شیڈول کیا گیا تھا جب ملک میں طالبان اور امریکا کے درمیان جاری امن معاہدے سے متعلق شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کابل: سفارتی علاقے میں خود کش حملہ، دس افراد ہلاک
تاہم افغان میڈیا کے مطابق کابل میں گزشتہ روز ہونے والے کار بم دھماکے کے بعد افغان صدر نے اپنے بیان میں امریکا طالبان مذاکرات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات بے معنی ہیں، طالبان گروپ بدستور بے گناہ لوگوں کو قتل کر رہا ہے، ایسے میں امن کی امید لگانا بے معنی ہے۔
دریں اثنا، اے این پی سربراہ اسفندیار ولی نے کشمیر کے سلسلے میں کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والا تشدد بند کرائے۔