ایبٹ آباد: پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی کمانڈر اِن چیف ائیر مارشل اصغر خان کو ان کے آبائی گاؤں میں قومی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئر مارشل اصغر خان کو ایبٹ آباد کے نزدیک اپنے آبائی گاؤں نواں شہر میں سپرخاک کر دیا گیا۔
قبل ازیں ان کی نماز جنازہ پی اے ایف بیس نور خان میں ادا کی گئی تھی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ان کی نماز جنازہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کےسابق سربراہ ایئرمارشل اصغرخان کی نماز جنازہ ادا
نماز جنازہ کے بعد ان کی میت کو پی اے ایف ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایبٹ آباد پہنچایا گیا، جہاں انھیں آبائی گاؤں میں سپرد خاک کیا گیا۔
ائیر مارشل اصغر خان کی بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ائیر چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاک فضائیہ کے تمام افراد کے لیے مشعلِ راہ تھے، ائیر مارشل اصغر خان اعلیٰ کردار ،غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے حامل تھے۔
ائیر چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ان کی ان گنت خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، ان کے شان دار کارناموں کی وجہ سے آنے والے وقتوں میں انھیں فادر آف پاکستان ائیر فورس کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔