لاہور: آشیانہ اقبال اسکینڈل میں ملوث ملزم احد چیمہ جیل میں بیمار پڑ گئے احتساب عدالت میں اسپتال منتقل کرنے کی درخواست جمع کرادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آشیانہ اقبال اسکینڈل میں ملوث ملزم احد چیمہ جیل میں بیمار پڑ گئے، جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق احد چیمہ کی ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہے، ملزم نے جوڑوں اور گھٹنوں میں بھی تکلیف کی شکایت کی ہے۔
جیل ڈاکٹرز کی جانب سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست احتساب عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔
واضح رہے کہ آشیانہ اقبال اسکینڈل کے حوالے سے احد چیمہ سمیت دیگرملزمان پرالزام ہے کہ انہوں نے کروڑوں روپے کی کرپشن کرکے ملکی خزانے کونقصان پہنچایا ہے۔
مزید پڑھیں: احد چیمہ کیس میں اہم پیش رفت، ایک کروڑ 45 لاکھ کی رقم برآمد
یاد رہے کہ ایک کارروائی میں احد چیمہ کی چُھپائی ہوئی ایک کروڑ 45 لاکھ کی رقم برآمد کی گئی تھی، جیل روڈ پر واقع شوروم سے احد چیمہ کی ملکیت پراڈو گاڑی بھی برآمد ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ رواں سال 21 فروری کو قومی احتساب بیورو نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیرقانونی طورپرالاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔