کراچی: یوم عاشور کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں موبائل فون سروسز آج جزوی طور پر معطل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں موبائل فون سروسز جزوی طور پر معطل ہیں، جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی، یوم عاشور کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور کراچی کے جلوس کی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
حیدر آباد میں بھی سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس بند ہے، سکھر میں رات ایک بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی جب کہ دادو میں بھی موبائل فون سروس معطل ہے۔
ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
لاہور میں بھی جلوس کی گزرگاہوں ہر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہے، سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
پنجاب میں سوا لاکھ سے زائد افسران اور اہلکار جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور کیے گئے ہیں، آئی جی پنجاب کہتے ہیں پر امن یوم عاشور یقینی بنانے کے لیے فوج اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے۔
پشاور میں موبائل سروس جزوی طور پر بند ہے، جلوسوں کی گزرگاہوں پر موبائل سروس مکمل بند کر دی گئی ہے، یوم عاشور پر کوئٹہ میں بھی موبائل فون سروس بند ہے، محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق موبائل فون اور انٹرنیٹ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بند کی گئی ہے۔
گلگت میں سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اطراف کے علاقوں میں موبائل سروس بند ہے۔