اسلام آباد: یوم عاشور پر وزیر اعظم شہباز شریف اور اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کے باعث خاص اہمیت کا حامل ہے، نواسہ رسولﷺ نے حق و باطل کی لڑائی میں جان کا نذرانہ دے کر حق کو فتح سے سرفراز کیا۔
انھوں نے کہا فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کے لیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں، فلسطینی قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت، اپنے حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس مشکل وقت میں ضروری ہے کہ ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں، یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے، تجزیہ کرنا چاہیے کون سے عناصر مفادات کے لیے اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
یوم عاشور پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے، حضرت امام حسین کی شہادت میں امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے، امام حسین نے مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔
انھوں نے کہا آج اسلام حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے، میدانِ کربلا میں قربانیاں اہل ِایمان کے جذبات کو امتحان و ابتلا کے وقت جلا بخشتی ہیں، آج بھی واقعہ کربلا سے سبق سیکھ کر اتحاد و اتفاق، ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، پوری قوم سے صبر اور محنت کرنے، انصاف کے لیے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔