بہاولپور: زیادتی کے بعد لڑکی کی خودکشی کیس میں ملزمان کو بچانے کے لیے ناقص تفتیش پر اے ایس آئی کو گرفتار کرکے ڈی ایس پی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع بہاولپور میں زیادتی کے بعد لڑکی کی خودکشی کیس میں اے ایس آئی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا ، اےایس آئی محمدحسین کے خلاف مقدمہ ڈی ایس پی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اے ایس آئی نےمبینہ زیادتی کاشکار بچی کا میڈیکل چیک اپ نہیں کرایا تھا اور ملزمان کوبچانے کے لیے ناقص تفتیش کی۔
مبینہ زیادتی کا ملزم لقمان زیرحراست ہیں ، جس کو جسمانی ریمانڈ کے لئے آج علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا ، جب اس مقدمے کی پیش رفت کے حوالے سے پولیس کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا جبکہ لڑکی کا والد اور دیگر اہل خانہ بھی بیٹی کی ناگہانی موت کی وجہ سے بات کرنے سے گریزاں ہیں۔
دوسری جانب خیرپورٹامیوالی کی حدود میں مبینہ زیادتی کا شکار ہوکر خودکشی کرنے والی انیس سالہ لڑکی کی پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کردی گئی،
یاد رہےگزشتہ روز بہاولپور میں زیادتی کا شکار لڑکی نے پولیس کی روایتی بے حسی سے دلبرداشتہ ہو کر مبینہ طور پر خود کشی کر لی تھی، غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی محنت کش کی بیٹی طاہرہ کو بااثر افراد کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کی رپورٹ درج کروانے والد متعلقہ تھانے پہنچا اور اندراج مقدمہ کی تحریری درخواست دی مگر بااثر افراد ہونے کی وجہ سے پولیس نے ٹال مٹول سے کام لیا اور متاثرہ خاندان کو چوکی کے چکر کٹواتے رہے۔
والد کا کہنا تھا کہ پولیس کی بے حسی اور ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بیٹی نے اسپرے پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد ہ ڈی پی او بہاولپور نےفوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم لقمان کو گرفتار کر لیا تھا۔
فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ ڈی پی او بہاولپور نےفوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم لقمان کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کے ساتھ متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او،چوکی انچارج بھی پابند سلاسل ہیں۔