لاہور: ایشیا کپ 2023 کے لئے 2 وینیوز کا فیصلہ ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور سری لنکا میں اس سال ہونے والے ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ایشیا کپ کے ابتدائی میچز لاہور، باقی میچز سری لنکا کے شہر کینڈی میں ہوں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل اپنایا ہے جس کے پہلے چار میچز پاکستان میں ہوں گے، اس کے بعد بقیہ میچ سری لنکا میں ہوں گے۔
پاکستان کا واحد ہوم میچ نیپال کے خلاف ہو گا اور لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان میں دیگر تین میچوں میں افغانستان اور بنگلہ دیش، بنگلہ دیش اور سری لنکا اور سری لنکا افغانستان کے خلاف کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔
ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک شیڈول ہے، تاہم اس ہفتے جمعہ کو باضابطہ شیڈول جاری ہونے کا امکان ہے۔