ابو ظہبی: ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ کرتے ہوئے افغانستان نے سری لنکا کو 91 رنز سے شکست دے دی، 5 مرتبہ چیمپئن رہنے والا سری لنکا ایشیا کپ سے باہر ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا بڑا اَپ سیٹ کر دیا، پانچ مرتبہ کے چیمپئن کو ایشیا کپ سے باہر کر دیا۔
افغانستان کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 250 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری سری لنکن ٹیم 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے 91 رنز سے شکست ہوئی۔
سری لنکن ٹیم نے آغاز ہی سے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا، پہلے ہی اوور میں اپنی پہلی وکٹ گنوا دی تھی، دوسری وکٹ کے لیے تھرنگا اور ڈی سلوا کے درمیان 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اوپل تھرنگا 36، دھننجیا ڈی سلوا 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان، گل بدین نائب اور محمد نبی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سری لنکا کی جانب سے تھسارا پریرا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2018: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
قبل ازیں افغانستان نے ٹاس جیتنے کے بعد کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 249 رنز بنائے، رحمت شاہ 72 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھی سری لنکا کو سخت ہزیمت اٹھانی پڑی جب اس نے بنگال ٹائیگرز کے سامنے 137 رنز سے شکست کھائی۔