دبئی: ایشیاکپ 2018 کے آج کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو تین رنز سے ہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو تین رنز سے شکست دی، بنگلہ دیش کے محمود اللہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ابوظہبی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے سات وکٹ پر 249 رنز بنائے، محمود اللہ چوہتر، امرالقیس باہتر اور لٹن داس اکتالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔
جواب میں مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر 246 رنز بنائے یوں تین رنز کی کمی سے افغان ٹیم میچ نہ جیت سکی، حشمت اللہ نے اکہتر اور محمد شہزاد نے تریپن رنز بنائے۔
ایشیا کپ: دھون اور شرما کی سنچریاں، بھارت نے پاکستان کو 9 وکٹوںسے شکست دے دی
افغانستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے سات رنز درکار تھے تاہم مستفیض الرحمان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چار رنز دے کر اپنی ٹیم کو تین رنز سے فتح دلائی۔
علاوہ ازیں آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بھارت نے شیکھر دھون اور روہت شرما کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سب سے اہم ٹاکرے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے اور بھارت کو 238 مجموعے کا ہدف دیا جسے بھارتی ٹیم نے باآسانی حاصل کرلیا۔