دبئی: ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا پہلا میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، بنگال ٹائیگرز نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ مہنگا پڑا اور سری لنکا کے باؤلر ملنگا نے میچ کے آغاز پر ہی دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، لٹن داس اور شکیب الحسن پہلے اوور میں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔
بنگال ٹائیگرز کو آغاز اچھا نہ مل سکا اور 184 کے اسکور پر اُس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے البتہ مشفیق الرحیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو بہترین مجموعے کی طرف لے گئے۔
بنگلا دیش کی ٹیم کے تمام کھلاڑی میچ کے آخری (پچاسویں) اوور میں 261 رنز پر آؤٹ ہوئے اور اس طرح سری لنکا کی ٹیم کو جیت کے لیے 262 رنز کا ہدف ملا، لاستھ ملنگا 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں گیند باز رہے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم خاطر خواہ کاکردگی نہ دکھا سکی اور 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پریرا 29 اور اوپل تھرنگا 27 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلا دیش کے گیند باز مشرفی مرتضیٰ ، مستفیض الرحمان اور مہندی حسن نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
مشفق الرحیم 144 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کےساتھ ٹاپ اسکورر رہے، انہیں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
بنگلادیش کے اوپنر تمیم اقبال کے ہاتھ پر گیند لگی جو ہتھیلی میں فریکچر کا باعث بنی، انجری کے باعث اوپننگ بیٹسمین ایشیا کپ سے باہر ہوگئے۔
ٹاس
ٹاس جیتنے کے بعد بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ ہم نے وکٹ دیکھی، وکٹ بہت اچھی ہے، ہم حریف کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
دوسری طرف سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کا بھی کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو وہ بھی بیٹنگ ہی کو ترجیح دیتے۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز آج سے متحدہ عرب امارات میں ہوگیا ہے، بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، ایونٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، سری لنکا، ہانک کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
ایشیا کپ 2108 میں کھیلنے والی پاکستان، انڈیا، اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں گروپ اے میں شامل ہیں، جب کہ سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیمیں بی گروپ کا حصہ ہیں۔
ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کی نیوز کانفرنس
پہلے مرحلے میں دونوں گروپس کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر فور مرحلے میں داخل ہوں گی، ایشیا کپ کا فائنل میچ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ انڈیا ایشیا کپ سات مرتبہ جیت چکا ہے، جب کہ سری لنکا پانچ اور پاکستان دو مرتبہ ایشین چیمپئن رہا۔
بنگلہ دیشی اسکواڈ
کپتان: مشرفی مرتضیٰ
بیٹس مین: تمیم اقبال، محمد متھن، لٹن داس، مشفیق الرحیم، عارف الحق، نظم الحسین، مومن الحق
بولرز: نظم الاسلام، روبل حسین، مستفیذ الرحمان
آل راؤنڈرز: شکیب الحسن، محمود اللہ ریاض، مصدق حسین، مہدی حسن، ابو حیدر
سری لنکن اسکواڈ
کپتان: اینجلو میتھیوز
بیٹس مین: کوسل مینڈس، اپل تھارنگا، دنوشکا گناتیلاکا، نروشن ڈک ویلا
بولرز: سرنگا لکمل، دشمنتھا چمیرا، لاستھ ملنگا، اکیلا دننجاوا
آل راؤنڈرز: تھیسارا پریرا، دسُن شناکا، دھنن جاوا ڈی سلوا، دلروان پریرا، امیلا اپانسو، کسون رجیتھا