ایشیا کپ 2023 میں جس میچ کا سب کو شدت سے انتظار ہے، اس کی تاریخ سامنے آگئی، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین 2 ستمبر کو کینڈی میں میچ شیڈول کیا گیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 30 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو ٹکرائیں گی۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ملتان میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان پاکستان اور نیپال مدمقابل آئیں گے جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو، سری لنکا میں ہی رکھا گیا ہے۔
ایشیا کپ اس بار 50 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، لاہور 3، 5 اور 6 ستمبر کو ایشیا کپ کے تین میچزکی میزبانی کرے گا، اگر پاکستان اور بھارت سپر فور مرحلے میں آگے بڑھتے ہیں، تو وہ 10 ستمبر کو کینڈی میں دوبارہ کھیلیں گے۔
ایشیا کپ ڈرافٹ کے تازہ ترین ورژن میں میچز کا جو شیڈول شامل کیا گیا ہے، ایشین کرکٹ کونسل کے حتمی اعلان سے قبل اس میں مزید تبدیلیاں ہونے کا بھی امکان موجود ہے۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا اصل ڈرافٹ میزبان بورڈ پی سی بی نے تیار کیا تھا، جس میں کئی تبدیلیاں ہو چکی ہیں، اے سی سی کے منظور کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت اب پاکستان اور سری لنکا میں چھ ملکی ٹورنامنٹ کے میچز کھیلے جانے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں کل 13 میچ کھیلے جائیں گے، تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوں گے، پاکستان کو گروپ اے میں بھارت اور نیپال کے ساتھ موجود ہے جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔