ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کو شرمناک شکست سے دورچار کرنے والی بھارتی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ انعام کے طور پر اچھی خاصی رقم بھی ملے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیائی ایونٹ کے فاتح کا تاج اپنے سر سجانے پر بھارت کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے 2 لاکھ ڈالرز (5 کروڑ 92 لاکھ 84 ہزار روپے) سے زائد کی رقم بطور انعام دی جائے گی۔
عبرتناک شکست کا داغ اپنے دامن پر لگانے والی سری لنکن ٹیم کے حصے میں ایک لاکھ ڈالرز (2 کروڑ 96 لاکھ 42 ہزار روپے) سے زائد کی رقم آئے گی۔
اس کے علاوہ 4 ٹیموں کو بھی ایونٹ میں حصہ لینے پر ایشین کرکٹ کونسل مشاہرہ ادا کرے گا۔ تیسرے نمبر پر موجود بنگال ٹائیگرز62 ہزار 500 ڈالرز (1 کروڑ 85 لاکھ 26 ہزار روپے) کے حقدار ٹھہریں گے۔
ورلڈ نمبر ٹو اور ایشیا کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پانے والی پاکستان ٹیم کے حصے میں 31 ہزار 250 ڈالرز (92 لاکھ 63 ہزار روپے)آئیں گے۔
گروپ اسٹیج تک رہنے والی افغانستان اور نیپال کو بھی ان کی اشک شوئی کے لیے 12 ہزار 500 ڈالرز کی رقم دی جائے گی۔