ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں آج دفاعی چیمپین سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گے باہمی مقابلوں میں آئی لینڈرز کا پلڑا بھاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ کا دوسرا میچ آج پالے کیلے میں دفاعی چیمپئن سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی تاہم باہمی مقابلوں میں آئی لینڈرز کو بنگال ٹائیگرز پر سبقت حاصل ہے۔
دفاعی چیمپئن سری لنکن ٹیم کھلاڑیوں کی انجریز سے پریشان ہے۔ دھشمانتا چمیرا، لاہیرو کمارا، ونندو ہسارنگا اور مدوشنکا انجریز کے باعث ٹیم سے باہر ہیں اور اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف میچ آئی لینڈرز کے لیے مشکل امتحان ثابت ہو سکتا ہے۔
تاہم سری لنکا کے لیے تقویت کی بات یہ ہے کہ باہمی مقابلوں میں اس کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 51 ایک روزہ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے سری لنکا نے 40 جب کہ بنگلہ دیش نے 9 میچز جیتے ہیں جب کہ دو میچ بے نتیجہ رہے۔
بات کریں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری ون ڈے میچوں کی تو بنگلہ دیش نے 4 بار سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا۔ پالی کیلے میں کھیلے گئے واحد میچ میں بھی بنگال ٹائیگرز فاتح رہے ہیں۔
ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کولمبو پہنچ گئی
دوسری جانب سری لنکا بھی اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے باوجود بہترین فارم کیساتھ میدان میں اترےگا جو آخری 5 ون ڈے میں ناقابل شکست ہے۔