اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

ایشین گیمز، پاکستان شاہینز کا میڈل کی جانب ایک اور قدم، سیمی فائنل میں رسائی

اشتہار

حیرت انگیز

 چین میں جاری ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان شاہینز نے ہانگ کانگ کو 68 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چین میں جاری ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کا دوسرا کوارٹر فائنل پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا گیا جس میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 160 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی ابتدائی تین وکٹیں صرف 24 کے مجموعے پر گر چکی تھیں تاہم مڈل اور بالخصوص لوئر آرڈر بلے بازوں نے قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے عامر جمال 41 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کے علاوہ آصف علی اور منہاس 25، 25 اور اوپنر عمیر یوسف 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ہانگ کانگ کے سب سے کامیاب بولر ایوش شکلا رہے جنہوں نے 49 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد غضنفر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18.5 اوورز میں صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بابر حیات 29 رنز بنا کر سب سے نمایاں بیٹر رہے۔ پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ نے تین جب کہ قاسم اکرم، صفیان مقیم اور عرفات منہاس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

 

اس سے قبل بھارت نیپال کو پہلے کوارٹر فائنل میں شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جب کہ دو مزید کوارٹر فائنل میچز کل افغانستان، سری لنکا اور ملائشیا، بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں