کوآنٹن : ایشئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان کےخلاف اہم میچ جیت لیا۔ بھارت نے دو کےمقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق چوتھی ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی کےاہم میچ میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ میچ کےآغازسے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے۔
بھارت کی جانب سے پرادیپ مور نے کھیل کے 22 ویں منٹ میں دوسرے کوارٹر میں گول داغ کربرتری حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے بھرپور حملہ کیا اور بالآخر پاکستان کے محمد رضوان سینئر نے گیند مخالف ٹیم کی گول پوسٹ میں ڈال کر میچ 1-1 گول سے برابر کردیا۔
پاکستان کی جانب سے دوسرا گول محمد عرفان نے 39 ویں منٹ میں کیا اور اپنی ٹیم کو پہلی بار برتری دلا دی، تیسرے کوارٹر میں بھارت نےشاندار موو کی بدولت حساب برابر کردیا۔ دو منٹ بعد بھارت نےتیسرا گول کرکے میچ میں تین دو کی برتری حاصل کرلی۔
چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے خسارہ ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن پاکستان میچ نہ جیت سکا۔ بھارت نے اس ایونٹ میں اب تک جاپان کے خلاف واحد میچ کھیلا ہے جس میں اس نے 2 کے مقابلے میں 10 گولوں سے کامیابی سمیٹی۔
واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپین شپ میں پاکستان، بھارت، ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور جاپان کی ٹیمیں شریک ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم نے اس ایونٹ میں اپنا پہلا میچ ملائیشیا کے خلاف کھیلا جس میں اسے 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست نصیب ہوئی جبکہ دوسرا میچ جنوبی کوریا کے خلاف کھیلا اور 0 کے مقابلے میں 1 گول سے فتح حاصل کی۔