ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان چین نے پاکستان کو پینلٹی شوٹ پر دو صفر سے ہرا دیا۔
چین میں کھیلی جا رہی ایشین چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل میزبان چین اور پاکستان کے درمیان ہوا۔ جس میں مقررہ وقت یں دونوں ٹیموں نے سخت مقابلہ کیا، میچ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد فیصلہ پینلٹی شوٹ پر ہوا۔
پاکستان اور چین نے میچ کے پہلے کوارٹر میں ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
کھیل کے دوسرے کوارٹر میں چین نے گول کر کے برتری حاصل کی لیکن تیسرے کوارٹر میں گرین شرٹس کی جانب سے گول داغ کر مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا گیا۔
یہ برابری میچ ختم ہونے تک جاری رہی۔ جس کے بعد فیصلہ پینلٹی شوٹ پر ہوا جس میں چین نے پاکستان کو دو صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
دوسرا سیمی فائنل کوریا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا اور چین فائنل میں اس مقابلے کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گا۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں پاکستان نے چین کو پانچ ایک سے شکست دی تھی۔