بیجنگ : ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کے ہم شکل کی ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کو حیرت زدہ کردیا، صارفین نے ایشیائی شہری کی ویڈیو کو ترمیم شدہ (ایڈٹ) قرار دیدیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے شہری کی ویڈیو ان دنوں انٹرنیٹ پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے جس کی وجہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلن مسک سے مشابہت ہے۔
ویڈیو چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ڈؤین پر وائرل ہوئی جس میں سیاہ کوٹ میں ملبوس شخص کو سیاہ گاڑی کیساتھ کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے چینی شہری کو ‘یی لانگ مسک’ کے نام سے پکارا جارہا ہے۔
بہت سے انٹرنیٹ صارفین ویڈیو پر پسندیدگی کا اظہار کیا جب کہ متعدد صارفین نے ویڈیو کو ترمیم شدہ قرار دیا تاکہ وہ وائرل ہوسکے، صارفین کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص ایلن مسک سے مشابہت نہیں رکھتا بلکہ اس نے شہرت کیلئے مبینہ طور پر ڈیپ فیک نامی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔
ڈیپ فیک ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جس کی مدد سے تصویر یا ویڈیو میں باآسانی تبدیلی کرکے ایک شخص کا چہرہ کسی دوسرے شخص کے جسم پر لگایا جاسکتا ہے تاکہ غلط معلومات پھیلائی جاسکیں۔