ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے میچ میں قومی ٹیم کے ہارڈ ہٹر آصف علی نے افغانستان کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کی جانب سے دیا جانے والا 148 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
کپتان بابر اعظم 47 گیندوں پر 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آصف علی نے 7 گیندوں پر 25 رنز کی دھواں دار ناقابل شکست اننگز کھیلی، جارح مزاج بیٹر نے ایک اوور میں 4 چھکے لگائے۔
محمد رضوان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فخر زمان نے 30 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، شعیب ملک 19 اور حفیظ 10 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں، مجیب الرحمان، محمد نبی اور نوین الحق ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا تھا۔
افغانستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا، 13 رنز کے مجموعی اسکور پر افغان اوپنرز پویلین لوٹ گئے، حضرت اللہ زازئی صفر اور محمد شہزاد 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
View this post on Instagram
رحمت اللہ گرباز 10، اصغر افغان بھی 10 رنز بنا کر چلتے بنے، کریم جنت 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، نجیب اللہ زردان نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان محمد نبی 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔گلبدین نائب نے 35 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، حسن علی اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
View this post on Instagram
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کو ترجیح دی تھی۔ دونوں ٹیموں نے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
افغان کپتان محمد نبی نے کہا کہ ہم پاکستان کے خلاف ساتھ کھیلتے آئے ہیں ہمیں ان کی مضبوطی اور کمزوریوں کا علم ہے۔ گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے جیت سے ہمشیہ اعتماد ملتا ہے اس میچ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
گروپ ٹو میں موجود پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں بھارت اور دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، افغانستان کے بعد پاکستان کو نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ سے میچز کھیلنے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کو ایک سو تیس رنز سے شکست دیکر افغان ٹیم دیگر ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجاچکی ہے۔
قومی ٹیم کے عبوری بولنگ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ دو میچز جیت کر اعتماد ملا، افغانستان کے خلاف پلان کےمطابق کھیل کر جیتیں گے۔