کراچی : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس کے ارکان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو دوبارہ استوار کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کے ممبران جان مکین اور دیگر کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ امریکی وفد نے دہشت گردی اورانتہا پسندوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باقی دنیا کو بھی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہنا چاہیئے۔
سابق صدرکا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا،امریکی کانگریس کی جانب سے پاکستانی کوششوں اور قربانیوں کو تسلیم کیا جانا اچھا اقدام ہے۔ اس سوچ سے دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
سابق صدرکا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر فورم پر دنیا کو باور کراتی رہے گی کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔