اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کر دیا۔
صدر مملکت کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ شہید بینظیر بھٹو پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی آواز اور خوشحال پاکستان کی خواہاں تھیں، ان کے وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو کا وژن مشعل راہ ہے
آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید سابق وزیر اعظم کے اصولوں پر کاربند رہ کر ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے، انہوں نے جمہوریت، انسانی وقار اور خواتین کے حقوق کیلیے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے آمریت کے خلاف جرأٔت اور استقامت سے مزاحمت کی، انہوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کی تحریکوں کی قیادت کی، وہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی تھیں، وہ خواتین کی سماجی اور معاشی خودمختاری کی علمبردار رہیں۔
واضح رہے کہ آج اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ ان کو 2007 میں لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد واپس جاتے ہوئے قتل کر دیا گیا تھا۔