کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کا قتل عام ختم کرائے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کی نسل کشی بند کرے۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ بھارتی حکومت انسانی حقوق پامال کر رہی ہے، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کا قتل عام ختم کرائے۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے بعد 2 روز میں شہید والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
کشمیری نوجوانوں کی شہادت پراحتجاج کرنے والے شہریوں پربھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گنوں، آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا جس کی زد میں آکر 10 افراد زخمی ہوئے۔
مقبوضہ کشمیرمیں ایک ماہ کے دوران 21 کشمیری شہید
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے 21 کشمیریوں کو شہید جبکہ 310 افراد کو زخمی کیا تھا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جولائی 2016 میں حریت رہنما مظفروانی کی شہادت کے بعد سے وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور اس دوران درجنوں کشمیری نوجوان بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوچکے ہیں۔