کراچی : بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ضمانت میں 10 دسمبر تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور آج کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔
معزز جج نے منی لانڈرنگ کیس کی مختصر سماعت کی جس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، نمر مجید ودیگر کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔
بینکنگ کورٹ نے آئندہ سماعت پر سابق صدر آصف علی زرداری کو دوبارہ طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ ضمانت پر رہا آصف علی زرداری اور فریال تالپور آخری بار 25 ستمبر کو بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ 5 ستمبر کو سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے (مشترکہ تحقیقاتی ٹیم) جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیے کہ تھے ہم جے آئی ٹی بنا رہے ہیں جو ہر 15 دن میں رپورٹ دے گی، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو سیکیورٹی دینے کا بھی حکم دیا تھا۔
جے آئی ٹی نے گزشتہ ماہ 24 ستمبرکو منی لانڈرنگ کی تحقیقات سے متعلق اپنی پہلی پیش رفت رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی تھی۔