لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اب چہروں پر چلے گئے ہیں، پارٹی اجازت دیتی تو چہرے والا جواب دے دیتا، انتخابی ماحول بن چکا ہے پارٹی بھی اپنی تیاری شروع کردے۔
یہ بات انہوں نے بلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، بلاول ہاؤس لاہور میں سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیر داخلہ مخدوم فیصل صالح حیات اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال میں پارٹی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آصف زرداری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حالیہ بیان پر ان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا یہ کسی مدبر سیاستدان کی گفتگو ہے؟ پارٹی اجازت دیتی تو عمران خان کو چہرے والا جواب دے دیتا۔
انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ آصف زرداری کا مردانہ چہرہ دیکھ کر ان جان نکلتی ہے، انہوں نے کہا کہ آپ کا چہرہ کیسا لگتا ہے بچوں سے پوچھ لیں، خان صاحب آپ خانہ جنگی چاہتے ہیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہمیشہ ملک کو مشکل میں چھوڑ کر جاتی ہے، ان کی پالیسی ہے کہ آنے والی حکومت کو بدترین معاشی صورتحال دے، حکومت کی نااہلیوں کی فہرست طویل ہے۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ انتخابی ماحول بن چکا ہے پارٹی بھی اپنی تیاری کرے، باہر نکلنے کا وقت آ گیا ہم چاروں صوبو ں میں جا رہے ہیں۔
آصف زرداری شکل سے ہی ڈاکو لگتا ہے، عمران خان
واضح رہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آصف زرداری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری شکل سے ہی بڑا ڈاکو لگتا ہےاور وہ اسے چھپا بھی نہیں سکتا۔