گھوٹکی: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا کہ گیس فیلڈز اور کول مائن میری نہیں عوام کی ہے، کول مائننگ جو کی وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کی گئی۔ کول مائننگ پر پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گھوٹکی میں جسلے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 18 ویں ترمیم میں بنیادی صوبائی ریسورسز کو ان کا حق دیا ہے۔ اضلاع کو ان کا حق نہیں ملے گا تو یہ بات بہت دور تک جائے گی۔
آصف زرداری نے کہا کہ گیس فیلڈز اور کول مائن میری نہیں عوام کی ہے، کول مائننگ جو کی وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کی گئی۔ کول مائننگ پر پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پختونخواہ اور پنجاب میں یہ طریقہ کار اپنایا جائے تو لوگ جڑتے جائیں گے، لوگوں کو جوڑنے سے ہی مضبوط پاکستان بنے گا۔ پاکستان کو مضبوط کرنا ہے تو عوام کو مضبوط کرنا ہوگا۔
سابق صدر نے کہا کہ ہم نے کیا گناہ کیا، آنے والی تاریخ لکھے گی یہ کام ہم نے کیسے کیا۔ پنجاب، پختونخواہ اور بلوچستان جتنا ہی حق سندھ کو بھی حاصل ہے۔ جس قوم نے اپنا حق لینا خود سیکھ لیا ہو اسے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔ قیادت، لیڈر شپ، ورکرز کو کوئی جھکا نہیں سکتا اور نہ ہی ڈرا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی میں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی شامل ہے اور ان سمیت 172 افراد کے نام آج ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔