اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسٹیل مل سندھ کا اثاثہ ہے، اسے سندھ حکومت کو دیا جائے.
ان خیالات کا اظہار ا نھوں نے ساجد طوری کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کے اجلاس میں کیا.
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیل مل کی زمین کی ویلیو بڑھ چکی ہے، حوالے کریں، تاکہ اسے سندھ حکومت چلائے. ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس کی مالک ہے، وہ ہی کوئی فیصلہ کرے.
سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اسٹیل مل پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر چل سکتی ہے، روس، چین اور مقامی کمپنیاں دل چسپی لے رہی ہیں، چینی کمپنیوں کےپاس سرمایہ ہے، وہ یہ کام کر سکتی ہیں.
آصف زرداری نے کہا کہ چینی منافع کمانا چاہتے ہیں، ہمیں کم ازکم 250 ملین ڈالر سرمایہ کاری درکارہوگی، اسٹیل کی فی ٹن قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا.
سابق صدر نے کہا کہ اسٹیل ملز چل رہی ہوتی، تو کئی گنا منافع میں چلی جاتی، چین بہتر آپشن ہے، مقامی کمپنیوں کے پاس اتنی سرمایہ کاری کی صلاحیت نہیں.
خیال رہے کہ اسٹیل میل ایک عرصے سے مالی خسارے کا شکار ہے، اس ضن میں ماضی میں بھی حکومتوں کی جانب سے متعدد دعوے کیے گئے ہیں، مگر وہ بار آور ثابت نہیں ہوسکے.