پاکستان کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد آصف نے سابق کپتان محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر مقرر کرنے پر پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
گرین شرٹس نے ورلڈکپ 2023 میں نہایت مایوس کن کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکشن لیتے ہوئے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ کرکٹ بورڈ نے نہ صرف تمام کو چنگ اسٹاف کو فارغ کردیا ہے بلکہ کپتان بابر اعظم بھی تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے مسعفی ہوگئے تھے۔
مکی آرتھر کی جگہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔
حفیظ کو عہدہ ملنے پر سابق کرکٹر محمد آصف نے اپنی ٹوئٹ میں حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک شخص نے ستمبر میں ٹیکنیکل کمیٹی سے استعفیٰ دیا اور اسے نومبر میں ڈائریکٹر کرکٹ اور ہیڈ کوچ کے طور پر واپس رکھ لیا گیا؟
انھوں نے مزید لکھا کہ موجودہ چیئرمین کے زیر اثر پی سی بی پر اعتبارختم ہو گیا ہے جبکہ بورڈ کے پاس معاملات چلانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
Someone resigns in Sep from technical committee and is hired back as director of cricket cum head coach in Nov? Under this chairman PCB is left with zero credibility and authority to run its affairs.
— Muhammad Asif (@MuhammadAsif_26) November 17, 2023
واضح رہے کہ ستمبر میں محمد حفیظ ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان سے ایک روز پہلے ہی اپنی تجاویز پر عمل نہ ہونے پر پی سی بی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے مستعفی ہو گئے تھے۔
بابر کے استعفیٰ کے بعد پی سی بی نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم اور شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جب کہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔