لاڑکانہ: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے ملک کو اپنے بچوں کی طرح سنبھال کر چلایا اور جمہوریت کے پانچ سال پورے کیے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پی پی کے شہیدوں اور بینظیر بھٹو کا دن ہے، آج کے دن وہ ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں، ہم نے بینظیر بھٹو کی سوچ پر چلتے ہوئے پاکستان کو اکٹھا رکھا۔
انہوں نے کہا کہ گڑھی خدا بخش صرف شہیدوں کا مقام نہیں، کارساز کے شہدا بھی یہاں دفن ہیں، بی بی نے گھر اور بچوں کی پرواہ نہیں کی، وہ ڈیموکریسی کو بیسٹ ریونج کہتی رہیں۔
مزید پڑھیں: بی بی شہید کی موت کا زخم ہمارے دل پر بھی لگا ہے، مریم نواز
آصف زرداری نے کہا کہ میں نے خود اے این پی کو ساتھ ملا کر قانون کو مکمل کیا، ہمارے زمانے میں 80 روپے ڈالر تھا آج مہنگائی عروج پر ہے، ہم نے بہت سے کام کرنے ہیں پاکستان کو بنانا ہے۔
نیب پر تنقید کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ نیب نے بلیک مارکیٹ شروع کررکھی ہے اور تاجروں کے پیچھے گھوم رہی ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا۔