اسلام آباد : سابق صدر آصف علی زرداری نے این آراو کیس میں بیان حلفی جمع کرادیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے باہر میری کوئی جائیداد یا بینک اکاؤنٹ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ اسلام آباد میں این آر او کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے مقدمے میں بیان حلفی سپریم کورٹ میں جمع کرادیا، آصف زرداری کا بیان حلفی ایک صفحے پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میں حلفیہ کہتا ہوں کہ پاکستان سے باہر کہیں بھی میری کوئی جائیداد نہیں۔
اس کے علاوہ میرا کوئی بینک اکاؤنٹ بھی پاکستان سے باہر نہیں ہے اور اس بیان حلفی میں جو بات کی ہے میں اس پرقائم ہوں، مذکورہ بیان حلفی آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے جمع کرایا، این آراو کے مقدمے کی آئندہ سماعت کل ہوگی۔