کراچی : آصف علی زرداری خصوصی طیارے سے کراچی پہنچ گئے، جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے ان کا استقبال کیا، انہیں نجی اسپتال میں داخل کرایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میگا منی لارنڈرنگ اور پارک لین کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا ہونے والے سابق صدر آصف علی زرداری راولپنڈی سے چارٹر طیاے کے ذریعے خصوصی پرواز سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
کراچی اولڈ ایئر پورٹ پر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو، وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ، سعید غنی، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، مشیران رہنماؤں اور کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔
آصف زرداری کو لینے کیلئے خصوصی طور پر وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی گاڑی ایئرپورٹ پہنچی تھی، اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتطامات کیے گئے تھے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو علاج کیلئے کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا جائے گا، اس سلسلے میں اسپتال کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے منی لارنڈرنگ اور پارک لین کے مقدمات میں 11دسمبر کو آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی تھی، سابق صدر کو احتساب عدالت میں ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے بعد رہا کیا گیا، جبکہ پیشی کی اگلی تاریخ 17 دسمبر ہے۔