راولپنڈی : جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں بلاول بھٹو آصف علی زرداری کے ساتھ آج نیب میں پیش ہوں گے، ملک بھر سے جیالوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج اپنے والد آصف علی زرداری کے ساتھ قومی احتساب بیورو راولپنڈی میں پیش ہوں گے، ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں جے آئی ٹی بیان ریکارڈ کرے گی۔
نیب نے جعلی اکاونٹس کیس میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو بیس مارچ کو طلب کررکھا ہے۔ بلاول بھٹو نے وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا.
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے جیالوں کی بڑی تعداد قائدین سے اظہار یکجہتی کیلئے نیب عدالت کے باہر موجود ہوگی، کارکنان کو حاضر ہونے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری کی تین بلٹ پروف گاڑیاں، ڈیوٹی اور ٹیکس کی جعلی اکاؤنٹس سے ادائیگی
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں جے آئی ٹی آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے بیانات ریکارڈ کرے گی، زبانی سوالات کے ساتھ تحریری جوابات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے، اس سلسلے میں سوال نامے تیار کرلیے گئے ہیں۔
پی پی رہنماؤں کی پیشی کے موقع پر نیب آفس اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، نیب نے متعلقہ اداروں کو خط بھیج دیا ہے۔