کراچی: تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف دائر درخواست کو الیکشن کیمشن نے سماعت کے لیے مقرر کرلیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف میری درخواست پر سماعت4اپریل کو ہوگی، سابق صدر نے نیویارک جائیداد اور بلڈ پروف گاڑیاں کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کی۔
تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی بدنصیبی یہ ہے کہ اُن کا کیس نمبر بھی 420 ہے، سابق صدر نے قوم سے جھوٹ بولا اور اثاثے چھپائے جس کی وجہ سے وہ اب صادق اور امین نہیں رہے۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کریں گے: خرم شیر زمان
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے قوم کے ساتھ جو مزاق اور چار سو بیسی کی وہ انہیں مہنگی پڑے گی، اب انہیں عدالت میں ہر بات کا جواب دینا ہوگا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کراچی کے رہنما اور رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے گزشتہ برس دسمبر میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن جانے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں رکن سندھ اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ آصف زرداری نے بیرون ملک پراپرٹی اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کی اور قوم سے جھوٹ بولا لہذا انہیں آئین کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اثاثے چھپانے پر آصف زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا: فواد چوہدری
خیال رہے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ آصف زرداری مین ہیٹن، امریکا میں ایک عمارت میں اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، لیکن انھوں نے امریکا میں اپارٹمنٹ کا اثاثوں میں ذکر نہیں کیا، اثاثے چھپانے پر ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے۔