لاہور : سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں طوفان بدتمیزی برپا ہے، گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، اب انتخابی عمل کی نگرانی خود کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس لاہور میں فیصل آباد ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ سابق صدر نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے لیکن اب بلاول بھٹو انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کا سوچنے والے یہ بات ذہن سے نکال دیں کہ وہ مینڈیٹ چوری کر سکیں گے، اب وہ خود انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور بلاول بھٹو زرداری ہر حلقے میں خود جائیں گے، گزشتہ انتخابات میں مجھےایوان صدر سےنہیں نکلنےدیا گیا تھا،بلاول بھٹو بھی تعلیم کی وجہ سےانتخابی مہم کی قیادت نہیں کرسکےتھے، یوسف رضاگیلانی کے بیٹے کو اغواء کیا گیا تھا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں منشور کےساتھ میدان میں اتریں گے، اس بارمینڈیٹ چوری نہیں ہوگا، سابق صدر نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ن لیگی حکومت نے ملک کو کہیں کا نہیں چھوڑا۔
مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی بہت جلد بڑا سیاسی دھماکہ کرنے والی ہے، زرداری
نوازشریف نے ملکی معیشت تباہ کردی، فیصل آباد کی ٹیکسٹائل کی صنعت کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی، اقتدارمیں آکر ٹیکسٹائل کی صنعت بحال کریں گے۔