بدین: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ خدمت کرنا پیپلز پارٹی کا اٹوٹ انگ ہے، وزیر اعلیٰ سندھ تعاون کریں تو زیادہ نوکریاں دے سکتا ہوں۔ سب کا مقابلہ اکیلے ہی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب کا ساتھ دینے کی بات کی، حق بھی دیا۔ بی بی صاحبہ کو سازش کے تحت شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اتنا دیوار سے نہ لگاؤ، عوام میرے ہاتھ میں نہیں رہیں گے۔ ملک میں ایسے کام کر کے دکھائے جو دوستوں نے سوچے بھی نہیں تھے۔ کسی نے کہا تھا کہ بلوچستان سے معافی مانگو۔ بھٹو صاحب اور فاضل راہو کا ضمیر مجھ میں زندہ ہے، بلوچستان سے معافی مانگی۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہر جگہ لوگوں کو پیٹ کے لالے پڑے ہوئے ہیں، سفید پوش لوگ ریڑھیاں لگانے پر مجبور ہیں۔ ہماری پالیسی بھی آپ کو اسکینڈل نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدمت کرنا پیپلز پارٹی کا اٹوٹ انگ ہے، وزیر اعلیٰ سندھ تعاون کریں تو زیادہ نوکریاں دے سکتا ہوں۔ سب کا مقابلہ اکیلے ہی کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے کارکن مایوس نہ ہوں۔
دو روز قبل سابق صدر نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے بھی خطاب کیا تھا۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ نے چیئرمین نیب سے ملاقات کے لیے خط کیوں لکھا، اس دن کا سوچیں جب آپ کو بلایا جائے گا تو کیا ہوگا، ہم نے ہی پارلیمنٹ کو عزت دینی ہے اور مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف کو آج ریلیف ملا ہے تو ہم اس پر خوش ہیں، مریم نواز کو جیل میں نہیں دیکھنا چاہتے، کسی بھی بہن بیٹی کو نہیں دیکھنا چاہتے۔‘