ہفتہ, جنوری 11, 2025
اشتہار

میں نےسی پیک کاخواب دیکھا جسے ہائی جیک کرلیا گیا، آصف زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور : صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اپنے دور صدارت میں سی پیک کا خواب میں نے آپ لوگوں کے لیے دیکھا اور اس پہ کام بھی شروع کیا لیکن اس پروجیکٹ کو ہائی جیک کر کے اسلام آباد لے گئے۔

خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کی مجلس عامہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عالمی ہو یا ملکی ہمیں سیاست بڑھ چڑھ کر کرنی ہے جس کے لیے بھٹوصاحب نےطاقت دی کہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھ سکیں کیوں کہ پاکستان میں جینا ہے تو ڈر کر نہیں جیت سکتے۔

مغل بادشاہت قائم نہیں رہے گی


انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کام کرنےسے یہ سمجھتے ہیں کہ انھیں سیٹیں مل جائیں گی اور مغل بادشاہت قائم رہے گی لیکن یہ لوگ اب عوام کو زیادہ عرصے تک بے وقوف نہیں بنا سکتے۔

- Advertisement -

آصف علی زرداری نے کہا کہ جو کہتے تھے 6 ماہ میں بجلی نہیں لائے تو نام بدل دیں گے اب ہم سوچ رہے ہیں ان کا کیام نام رکھیں اور اسی شخص کی حکومت میں پاکستانیوں سے پوچھا جارہا ہے کہ پنجاب اور اسلام آبادمیں کیوں گھوم رہے ہو۔

کم عقل سیاست دان کو پتہ نہیں کہ خیبر پختونخوا میں آگ لگی ہے


آصف زرداری نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ کم عقل سیاستدان کو نہیں معلوم کہ کے پی کے میں آگ لگی ہے اور ہر طرف افراتفری ہے دوسری جانب ہم نے پختونوں کو سندھ میں خوش آمدید کہا اور کراچی اس وقت پختونوں کا سب سے بڑا شہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو دیگر صوبوں کی طرح حقوق ملنے چاہیئے اور ارادہ کرلیا ہے کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرانا ہے جب کہ ماضی میں بھی بینظیر انکم سپورٹ کارڈ کے پی کے میں سب سے زیادہ دیا گیا تھا اور اللہ نےموقع دیا تو بینظیر انکم سپورٹ کارڈ کو ڈبل کریں گے۔

پیپلز پارٹی نے این ایف سی ایوارڈ دیا


آصف زرداری نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ تاریخ میں پیپلزپارٹی کا نام آئےگا کیوں کہ پیپلز پارٹی نے ہی عوام کوحقوق دیے اور صوبوں کو خود مختار کیا جب اللہ نے ہمیں موقع دیا تو پی پی نے این ایف سی ایوارڈ دیا جو کہ آپ کا حق تھا ایسا کر کے کسی پر احسان نہیں کیا۔

کمانڈو ایک دھمکی سے گھبرا گیا


انہوں نے کہا کہ ایک دھمکی سےکمانڈوگھبرا کر بیٹھ گیا جسے ہم نے ہی صدر ہاؤس سے باہر کیا تھا اور اب وہ عدالت کا سامنے کرنے سے کترا رہا ہے اور مختلف حیلے بہانے بنا کر ملک سے مفرور ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں