اسلام آباد : احتساب عدالت نے پارک لین اور جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں سابق صدر آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 اگست تک توسیع کردی، جج محمد بشیر نے کہا ٹھیک ہے 10دن بعد آپ کی نیب سے جان چھوٹ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ کیس اورپارک لین ریفرنس پر سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔
سابق صدر آصف علی زرداری کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، بلاول بھٹو میں عدالت پہنچ گئے۔
آصف زرداری کی جانب سےدیے گئے اخباری تراشوں پر وکیل نے دلائل کا آغاز کیا، وکیل لطیف کھوسہ نےشہزاد اکبرسےمتعلق خبر پڑھ کر سنائی اور سابق صدر آصف علی زرداری روسٹرم پر آ گئے، جس پر جج محمد بشیر نے کہا آپ نے بیٹھنا ہے تو بیٹھ جائیں۔
دوران سماعت نیب نے آصف زرداری کے10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی جبکہ زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ سماعت عید کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کی جائے۔
جج محمد بشیر نے کہا عید کے بعد رکھ نہیں سکتے،ایک وقت میں زیادہ سےزیادہ ریمانڈ 15 دن کاہو سکتا، جس پر وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا عید کی چھٹیاں آ جائیں گی، ہفتےاور اتوار کےدن ہوں گے، 13 ، 14 اور 15 اگست کی چھٹی ہو گی، 19 اگست کی تاریخ رکھ لیں۔
جس کے بعد احتساب عدالت نے نیب کی مزید 10 روز کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کےجسمانی ریمانڈمیں 8 اگست تک توسیع کر دی۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ، جج محمد بشیر نے کہا ٹھیک ہے 10دن بعد آپ کی نیب سے جان چھوٹ جائے گی، جس پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نیب سے ہم جان چھڑانانہیں چاہ رہے۔
مزید پڑھیں : آصف زرداری اور فریال تالپور کے گرد گھیرا تنگ، نیب کو مزید شواہد مل گئے
یاد رہے درخواست آصف زرداری کےوکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے درخواست دائرکی گئی تھی کہ نیب کو میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کرنےکاحکم دیا جائے، عدالت نے لطیف کھوسہ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کیا تھا۔
خیال رہے نیب نے آصف زرداری، فریال تالپور کے خلاف مزید شواہد حاصل کرلیے ہیں، جس میں بتایا گیا کہ پلاٹوں کی خریداری کے لیے ادائیگی جعلی اکاونٹ سے کی گئی۔
واضح رہے 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرلیا تھا، بعد ازاں دونوں کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔
آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کاالزام ہے جبکہ جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔