کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کبھی بھی کوئی کام غیرآئینی طریقے سے نہیں کرتی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا کہ سابق صدر زرداری کی کوئی بھی کاوش اب تک ناکام نہیں ہوئی ہے جس دن انہوں نے یہ کوشش کرلی اور یہ طے ہوگیا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کوئی اور آنا ہے یا پھر انہوں نے اس مشن کو اپنے ہاتھ میں لے لیا تو پھر وہ مشن کامیاب ہوجائے گا۔
میزبان نے سوال کیا وہ آئینی طریقہ ہوگا؟
جواب میں پی پی رہنما نے کہا کہ ’ پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 73 کا آئین دیا ہے پیپلزپارٹی کبھی بھی کوئی غیرآئینی کام نہیں کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پی ڈی ایم میں ہم شروع سے کہتے تھے کہ عدم اعتماد کی تحریک لانی چاہیے لیکن اس وقت ن لیگ نہیں مانتی تھی وہ کہتے تھے استعفے دیں ہم کہتے تھے نہیں اور جب ہم تحریک عدم اعتماد لائے تو وہ کامیاب ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں ہم نے نمبرز شو کرنے ہیں اور وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے بھی اپنے اراکین کی تعداد بتانی ہے اگر وہ یہ نہیں کرپاتے تو وہ اکثریت کھو دیں گے۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی والے اپنے لوگوں پر بھی اعتماد نہیں کرتے ہیں، عمران خان نے پورے الیکشن کے عمل کو خراب کردیا ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد ملک میں اس وقت چیلنجنگ حالات ہیں ہماری توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی پر ہونا چاہیے تھی۔