اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے عدالتی فیصلے کو ججز کا غصہ اور بغض قرار دیا جس سے انہوں نے اپنا جمہوریت دشمن ایجنڈا خود ہی بے نقاب کر دیا.
وہ سپریم کورٹ کی جانب سے تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد شریف خاندان کے ردعمل پر تبصرہ کررہے تھے انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے عدالت کے خلاف مہم چلا کر ہمارے مؤقف کی تصدیق کردی ہے.
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف سے تعاون کا مطلب سازش کا حصہ بننے کے مترادف ہے نواز شریف قوم کے ساتھ ڈبل گیم کر رہے ہیں ایک طرف ان کا بھائی اور کچھ وزراء میرے خلاف بیان دیتے ہیں تو دوسری طرف مجھے ملاقات کے پیغام بھیجے جا رہے ہیں.
انہوں نے کہا کہ قوم جان لے کہ نوازشریف نے ججز پرحملہ کرکے اپنا ایجنڈا سب کے سامنے رکھ دیا ہے عدلیہ پرحملہ آئین پرحملہ ہے اور آئین پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے البتہ میرا ایجنڈا سب کو معلوم ہے کہ ہم جمہوریت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے.
آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف اپنے آپ کو قانون اور احتساب سے بالا ترسمجھتے ہیں اور اپنے ہر دورِ حکومت میں فوج کو ذیر دست رکھنے کی کوشش کی لیکن اپنی مذموم کوشش میں کامیاب نہیں ہوئے.
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے وزیروں کو فوج و عدلیہ کے خلاف صف آراء کردیا ہے تاکہ اداروں کو بلیک میل کیا جاسکے اور اب تو معزز جج صاحبان پر ذاتی حملے کرنا بھی شروع کردیئے ہیں، نوازشریف جمہوری نظام کو سبوتاژ کرکے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں.