لاہور : سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے خود کو مجیب الرحمان بننے سے تعبیر کیا ہے، پاکستان کی وحدت اور سالمیت کو جاتی امراء کے مجیب الرحمان سے خطرہ ہے حالانکہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تو وہ کچھ ہوا ہی نہیں جو پی پی کے رہنماؤں اور کارکنان نے بھگتا ہے.
وہ لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب کررہے تھے، سابق صدر نے کہا کہ میں نے کچھ ماہ پہلے ہی بتا دیا تھا کہ نواز شریف گریٹر پنجاب کا سوچ رہا ہے اور آج نواز شریف نے مجیب الرحمان بننے کا عندیہ دے کر میری بات کو سچ ثابت کر دیا ہے.
انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف! آپ کے ساتھ ابھی ہوا ہی کیا ہے؟ ہمارے تو قائد کو پھانسی پر لٹکایا گیا اور بی بی کو شہید کیا گیا پھربھی ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا.
آصف زرداری نے کہا کہ ملک کو کمزور کرنا نواز شریف کی اولین خواہش ہے کیوں کی یہ مودی کے یار ہیں اور ملک سے غداری کی روش پر گامزن ہیں جس کے لیے مجیب الرحمان بننے کی خواہش سے بھی گریز نہیں کر رہے ہیں.
صدر پی پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت ملک کے خلاف سیاست نہیں کریں گے کیوں کہ ہم پاکستان میں ہی جینا چاہتے ہیں اور اسی سرزمین پر مرنا چاہتے ہیں جب کہ ان کا مفاد بس جاتی امراء تک محدود ہے .
آصف زرداری نے کہا کہ ہم جمہوریت کا سفر پورا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں مجبورکیا جا رہا ہے کہ شریف برادران کو نکالنے کیلئے جمہوریت کا سفر پورا نہ کریں، سیاست کرنا ہمارا حق ہے ہم ہرحال میں سیاست کریں گے.
انہوں نے کہا کہ جمہوریت عزیز ہے اس لیے کچھ نہیں کیا وگرنہ جب چاہوں شریف خاندان کوحکومت سے نکال سکتا ہوں لیکن چاہتا ہوں کہ یہ خود سے ماڈل ٹاؤن اور قصور کی معصوم بچی کو انصاف نہ دلانے پر مستعفی ہوجائیں.
خیال رہے کہ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کے لیے انصاف کے حصول اور شہباز شریف و رانا ثناء اللہ کے استعفے کے لیے احتجاجی جلسہ منعقد کیا جارہا ہے جس کے پہلے سیشن سے آصف زرداری نے خطاب کیا جب کہ دوسرے سیشن سے عمران خان کچھ دیر میں خطاب کریں گے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔